بھٹکل 10 فروری (ایس او نیوز) ینگ اسٹار چمپئن ٹرافی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھٹکل آزاد نگر کی انفا نے پرنس منکی کو آسانی سے شکست دے دی اور ٹرافی اپنے نام کرلی۔ پرنس منکی کو ٹورنامنٹ میں دوسرا مقام حاصل ہوا۔
آج بدھ کو کھیلے گئے فائنل مقابلے میں پرنس منکی نے ٹوس جیت کر پہلے بازی کی، مگر پوری ٹیم19 اووروں میں 121 رنوں پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ منکی کی طرف سے مصباح کٹپاڈی نے 32 گیندوں پر 39 رن اور مبشر عالم ساوڑا نے 20 گیندوں پر 24 رن بنائے۔ انفا کی طرف سے اسرار حیدر نے خطرناک گیند بازی کرتے ہوئے منکی کے ابتدائی دو بلے بازوں کو پویلین لوٹا کر پرنس منکی کی کمر توڑ ڈالی، بعد میں مرتضیٰ برماور نے 25 رنوں میں تین وکٹیں حاصل کرتے ہوئے منکی کے بلے بازوں کو پویلین لوٹانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ عبدالحمید گوائی نے بھی 26 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
انفا نے جیت کے لئے 122 کا رنوں کا نشانہ آسانی کے ساتھ پالیا اور پندرھویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر ہی مقررہ رن اسکور ڈالے۔ انفا کی طرف سے شیبان جاکٹی نے 38 اور معتصم جاکٹی نے 37 ناٹ آوٹ رن بنائے۔ عمران لنکا نے بھی 26 رن بناتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس طرح انفا نے فائنل مقابلہ سات وکٹوں سےجیت لیا۔ پرنس منکی کے ایرک پینٹو نے بہترین گیند بازی کی اور انفا کے تینوں بلے بازوں کی وکٹییں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ انفاکے اسرار حیدر کو بہترین باولنگ کے لئے مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
ٹرافی جیتنے پر انفا کو 44,444 روپیہ نقد مع ٹرافی اور رنرزآپ پرنس منکی کو 22222 روپیہ مع ٹرافی سے نوازا گیا۔
10 جنوری کو شروع ہونے والا یہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ آج 10 فروری کو اپنے اختتام کو پہنچا۔ ٹورنامنٹ میں 32 ٹیموں نے حصہ لیا تھا جس میں سے انفا نے سیمی فائنل میں مدینہ کو اور پرنس منکی نے الوفا مرڈیشور کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
ٹورنامنٹ میں مدینہ کے الیاس موٹیا نے پانچ میچوں میں ایک ہیٹ ٹرک سمیت 13 وکٹیں حاصل کیں، جس کی بنیادپر انہیں پلئیر آف دی ٹورنامنٹ کےساتھ ساتھ بیسٹ باولر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ مدینہ کے ہی عُبادہ برماور نے پانچ میچوں میں تین ہالف سنچری سمیت 262 رن بنانے میں کامیاب ہوئے تھے، جس کی بنیاد پر انہیں بیسٹ بیٹسمین کا خطاب دیا گیا۔ یاد رہے کہ انفا کے نثار احمدی نے تیزرفتار ہالف سنیچری اور تیز رفتار سنچری اسکور کرنے کا بھی رکارڈ قائم کیا تھا ۔
فائنل تقریب میں دبئی اور جدہ کے معروف بزنس مین اور سماجی کارکنان جناب عتیق الرحمن مُنیری اور قمر سعدا سمیت بھٹکل کے فِش بیوپاری جعفر حیدر، فیڈریشن صدر عزیزالرحمن رکن الدین ندوی عنایت اللہ شاہ بندری، نذیر قاسمجی، و دیگر کئی ذمہ داران اسٹیج پر موجود تھے۔ ینگ اسٹار کے صدر مولوی احمد کبیر ندوی نے اختتامی تقریب کی صدارت کی۔